Wed, September 16, 2026

میکسیکو میں معروف ٹک ٹاکر ولیریا مارکیز لائیو ویڈیو کے دوران گولی مار کر ہلاک

میکسیکو میں معروف ٹک ٹاکر ولیریا مارکیز لائیو ویڈیو کے دوران گولی مار کر ہلاک

زاپوپان (میکسیکو): میکسیکو میں 23 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ولیریا مارکیز کو اُس وقت گولی مار کر قتل کر دیا گیا جب وہ اپنے بیوٹی سیلون سے ٹک ٹاک پر براہِ راست نشریات کر رہی تھیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست جالسکو کے شہر زاپوپان میں پیش آیا، جہاں ولیریا اپنے سیلون میں بیٹھ کر فالوورز سے لائیو گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار شخص اندر داخل ہوا، ان سے نام دریافت کیا اور ان کی تصدیق کے بعد فائرنگ کر دی۔

رپورٹس کے مطابق ولیریا نے لائیو اسٹریمنگ کے دوران ایک پارسل وصول کیا، کیمرے کے سامنے واپس آ کر کچھ لمحے بیٹھیں، لیکن اچانک گولی لگنے کے بعد وہ کرسی سے گر گئیں۔ یہ تمام منظر لائیو ویڈیو میں ریکارڈ ہو گیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ولیریا ہاتھ میں ایک گلابی کھلونا لیے بیٹھی تھیں اور کہہ رہی تھیں، "وہ آ رہا ہے۔" چند لمحے بعد حملہ آور اندر داخل ہوا اور مختصر مکالمے کے بعد اس نے فائرنگ کر دی۔

ولیریا مارکیز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر دو لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ ان کی اچانک موت نے مداحوں اور انٹرنیٹ صارفین کو شدید دکھ اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے، تاہم ابھی تک حملہ آور کی شناخت یا گرفتاری سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ٹیگز: