لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاک فوج نے دشمن کو تاریخی شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین عسکری حکمت عملی کے باعث بھارت کو جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دیا، جس سے ملک کی دفاعی صلاحیتوں پر دنیا بھر کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ بانی تحریک انصاف ذہنی دباؤ میں پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ مہم اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، جسے ناکام بنایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کو امریکی صدر کی طرف سے سرکاری عشائیے میں مدعو کیا جانا ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم، خصوصاً نوجوان نسل، پاک فوج کو بھارت کے خلاف کامیابی پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے، جب کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دی جا رہی ہیں، جو قانون کی بالادستی کا واضح پیغام ہے۔