Wed, September 16, 2026

نیوزی لینڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دےدی

 نیوزی لینڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دےدی

کولمبو: ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ گروپ میں سری لنکا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں سری لنکا کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا اور پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید کم ہوگئے۔

میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ ابتدائی اوورز میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ تیز رفتار تھی، لیکن مڈل اوورز میں سری لنکا نے چند وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو تھوڑا قابو میں کیا۔ تاہم کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے ساتویں وکٹ پر 48 گیندوں میں 84 رنز کی جارحانہ پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو 168 رنز تک پہنچایا۔ سینٹنر 47 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے جبکہ میک کونچی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی بیٹنگ پوری طرح ناکام رہی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز بناسکی۔ ابتدائی چار بلے باز محض 29 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ پاتھم نسانکا صفر، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پوان رتنانائیکے 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان داسن شناکا 46 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے جبکہ کمنڈو مینڈس نے 31 رنز بنا کر ٹیم کی آخری امید چھوڑ دی۔ سری لنکا کی جانب سے راچن رویندرا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میٹ ہینری نے دو جبکہ گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ میچ سپر ایٹ گروپ 2 میں پاکستان اور سری لنکا دونوں کے لیے نہایت اہم تھا۔ سری لنکا کی یہ شکست پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات پر اثر ڈال رہی ہے، جس سے پاکستان کے لیے اگلے مرحلے میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جس میں کامل مشرا کی جگہ تجربہ کار چریتھ اسالانکا کو شامل کیا گیا۔ ٹیم میں داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، پوان رتنانائیکے، کمنڈو مینڈس، دنتھ ویلالاگے، دشان ہیمانتھا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشان، دلشان مدوشنکا شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فین ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، کول میک کونچی، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔

ٹیگز: