Wed, September 16, 2026

پاکستان میں توانائی کے شعبے کے لیے 330 ملین ڈالر کے پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر دستخط

پاکستان میں توانائی کے شعبے کے لیے 330 ملین ڈالر کے پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر دستخط

اسلام آباد: حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان 730 ملین ڈالر کے دو اہم منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن میں 330 ملین ڈالر مالیت کا سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبہ اور 400 ملین ڈالر کی مالیت کا سرکاری ملکیتی اداروں کے ٹرانسفارمیشن پروگرام شامل ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق، ان معاہدوں کا مقصد پاکستان میں توانائی کے شعبے کی استعداد بڑھانا اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کرنا ہے۔


330 ملین ڈالر کا پاور ٹرانسمیشن منصوبہ ملک میں پن بجلی کے نئے منصوبوں سے 2300 میگاواٹ بجلی کی مستحکم ترسیل کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے توانائی کی ترسیل میں بہتری آئے گی اور نظام کی استعداد میں اضافہ ہوگا، جس سے ملک بھر میں توانائی کی فراہمی میں استحکام ہوگا۔


400 ملین ڈالر کا سرکاری ملکیتی اداروں کے ٹرانسفارمیشن پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد ایس اوای ایکٹ اور پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کے سرکاری اداروں میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرے گا۔


ایشیا ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی اصلاحات حکومت پاکستان کی اقتصادی ترقی کی سمت کو مزید مستحکم کریں گی۔

ترجمان اقتصادی امور نے بتایا کہ ان منصوبوں کے تحت حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کی ترقی میں نئے اقدامات اٹھا رہی ہے، جن سے ملک کی معیشت میں استحکام اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
 
 

ٹیگز: