Wed, September 16, 2026

ریکو ڈک منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا 410 ملین ڈالر فنڈنگ پیکج

ریکو ڈک منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا 410 ملین ڈالر فنڈنگ پیکج

اسلام آباد: پاکستان میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے منصوبے "ریکو ڈک" کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے 410 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیکج میں 300 ملین ڈالر بطور قرض اور 110 ملین ڈالر مالی ضمانت کی صورت میں شامل ہیں، جو حکومتِ پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔

ریریکو ڈک منصوبے کو عالمی سطح پر معروف کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ چلا رہی ہے، جس کے پاس اس منصوبے کا 50 فیصد حصہ ہے۔ منصوبے کی کل لاگت 6.6 ارب ڈالر رکھی گئی ہے۔جس میں بیرک گولڈ کا 50 فیصد حصہ شامل ہے۔ جبکہ باقی نصف سرمایہ کاری حکومتِ پاکستان اور حکومتِ بلوچستان کے پاس ہے۔

منصوبے سے 2028 کے بعد کمرشل پیداوار کا آغاز ہوگا، اور اندازہ ہے کہ اس کی مجموعی مدت کے دوران تقریباً 70 ارب ڈالر کا فری کیش فلو حاصل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں سالانہ 200,000 میٹرک ٹن تانبہ نکالا جائے گا، جو بعد ازاں بڑھا کر 400,000 ٹن سالانہ کر دیا جائے گا۔

ریکو ڈک منصوبہ کئی برس قانونی تنازعات کا شکار رہا، لیکن 2022 میں ان مسائل کا حل نکال لیا گیا۔ منصوبے کے لیے پہلے ہی عالمی مالیاتی اداروں بشمول انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) سے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ مزید فنڈنگ کے لیے امریکا، کینیڈا اور جاپان کے مالیاتی اداروں سے بات چیت جاری ہے۔