کیلیفورنیا : ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق نئی معلومات نے ٹیکنالوجی صارفین کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی رواں سال ستمبر میں اس ڈیوائس کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اسے بعض رپورٹس میں آئی فون الٹرا کا نام بھی دیا جارہا ہے۔
بلومبرگ کے ٹیکنالوجی صحافی مارک گورمین کے مطابق ابتدائی آزمائش کرنے والے افراد نے فون کے ڈیزائن اور استعمال کے حوالے سے مثبت رائے دی ہے۔ فولڈ ہونے کے بعد ڈیوائس نسبتاً کمپیکٹ ہوجاتی ہے، جس کے باعث اسے جیب میں رکھنا آسان بتایا گیا ہے۔ فون کا ہِنج بھی ابتدائی تجربات میں مضبوط اور پائیدار محسوس ہوا۔
ایپل نے بڑی اندرونی سکرین کو مدنظر رکھتے ہوئے سافٹ ویئر میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی نے بڑے ڈسپلے پر ایپس اور آپریٹنگ سسٹم کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے آئی پیڈ سے ملتے جلتے کچھ عناصر شامل کیے ہیں۔
تاہم فولڈ ایبل ڈسپلے پر بننے والی کریز اب بھی ایپل کے لیے ایک اہم مسئلہ ہوسکتی ہے۔ فولڈنگ سکرین کے درمیان نظر آنے والی یہ شکن پہلے ہی کئی فولڈ ایبل فونز میں صارفین کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔
نیا آئی فون اگر متوقع وقت پر مارکیٹ میں آتا ہے تو ایپل پہلی مرتبہ فولڈ ایبل فونز کے شعبے میں سام سنگ اور دیگر بڑی کمپنیوں کو براہِ راست چیلنج کرے گا۔ اس ڈیوائس کی قیمت اور مکمل تکنیکی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔