کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارت کے پروپیگنڈے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ "پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹ کا بھرپور جواب دیا جائے گا، دشمن یہ سمجھے کہ ہم ان کے جھوٹ کو ناکام بنانا جانتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی میں ہیں۔
نہری منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ "سندھ کے پانی پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا، پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے ایسا کچھ بھی نہیں ہونے پائے گا۔" انہوں نے مزید کہا کہ جون 2024 میں سندھ حکومت نے ارسا کے سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا اور اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا تھا۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی کالاباغ ڈیم یا ایسی کسی اسکیم کی حمایت نہیں کی جو سندھ کے مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق وفاق نئی نہروں کی منظوری نہیں دے سکتا، اور سندھ کے حقوق کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے 2 مئی کو ہونے والی میٹنگ میں موقف اپنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے اعتماد پر قائم ہے، اور جب تک ملک میں جمہوریت ہے، لوگ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے رہیں گے۔