اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے استعمال شدہ کمرشل گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ورچوئل اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 5 سال سے کم عمر کی گاڑیاں 30 جون 2026 تک درآمد کی جا سکیں گی، جس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔
ای سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ درآمد شدہ گاڑیاں ماحولیاتی اور حفاظتی معیار پر پوری اتریں گی۔ 5 سال سے کم عمر گاڑیوں پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے گی، جو مالی سال 2029 تک ہر سال 10 فیصد کم ہوتی جائے گی اور آخر کار درآمدی ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
اجلاس میں پی وی اے آر اے کے لیے 80 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ یہ اقدام ملکی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔