Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پر پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پر پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر کہا کہ عوام میں ترقی کے حوالے سے بڑھتا ہوا شعور ایک مثبت تبدیلی ہے اور یہ پنجاب میں تیز تر ترقی کے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور مؤثر ابلاغ لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اہم ہیں۔

مریم نواز نے اس دن کو منانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں تین ہزار سے زائد مراکز صحت اور ہسپتالوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا منصوبہ ایک نیا سنگ میل ہے، اور 20 ہزار سے زیادہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی پنجاب حکومت کے ترقیاتی عزم کی ایک واضح مثال ہے۔

وزیراعلیٰ نے ’’ستھرا پنجاب‘‘، 1100 الیکٹرو بسز اور ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبوں کو ترقیاتی ابلاغ کی بہترین مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیابی سے عوام تک صحت، تعلیم اور جدید سہولتیں پہنچانے میں مدد ملے گی، اور ترقی کے اہداف حاصل ہوں گے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ معاشی ترقی اور مثبت تبدیلی کے لیے عوامی معلومات کا بنیادی کردار ہے اور محکمہ اطلاعات کی خدمات قابلِ تحسین ہیں جو عوام میں شعور پیدا کرنے اور انہیں آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیگز: