Wed, September 16, 2026

پاکستان سمیت دیگرعالمی برادری کا اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کی کوششوں کی مذمت

پاکستان سمیت دیگرعالمی برادری کا اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کی کوششوں کی مذمت

اسلام آباد : پاکستان، سعودی عرب، ترکی، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت 17 ممالک اور عالمی تنظیموں نے اسرائیلی پارلیمنٹ سے مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے بل کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔ ان ممالک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی بھی کھلی پامالی ہے، جس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے فلسطینی علاقوں پر قبضے، آبادکاری اور ضم کرنے کے اقدامات کو غیرقانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کو ان علاقوں پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں ہے۔

اسلامی ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام 1967 کی سرحدوں کے مطابق اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے سے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف علاقائی نہیں، بلکہ عالمی سطح پر حل طلب ہے۔

دوسری طرف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے مغربی کنارے کو ضم کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ اس کا کوئی جواز نہیں بنتا اور دنیا کو اس پر زیادہ تشویش کرنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے اس بیان پر مختلف عالمی حلقوں میں تنقید کی جا رہی ہے، خاص طور پر ان ممالک کی جانب سے جو فلسطینی حقوق کے حامی ہیں۔

ٹیگز: