یروشلم:اسرائیلی پارلیمنٹ نے مغربی کنارے کے ایک بڑے علاقے کو اسرائیل میں ضم کرنے کی متنازع قرارداد منظور کر لی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ متوقع ہے۔
اس قرارداد کے تحت مغربی کنارے کے وسیع حصے کو اسرائیلی ریاست کا حصہ تسلیم کیا جائے گا، جس پر متعدد اسلامی ممالک نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب، ترکی، قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، فلسطین، اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے اس اقدام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ایسے اقدامات دو ریاستی حل کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں مؤثر کردار ادا کرے۔
اسلامی ممالک کا مطالبہ ہے کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔