واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس علاقے میں استحکام اسرائیل کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کے مطابق، صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں امن اور استحکام کا قیام خطے میں امریکی امن کے مقصد کے مطابق ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مغربی کنارے کے استحکام کو اہمیت دیتی ہے۔
برطانوی حکومت نے بھی اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کو بڑھانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے، اور کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی تبدیلی کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں۔ برطانیہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان فیصلوں کو فوراً واپس لے۔
پاکستان اور دیگر 8 مسلم ممالک نے بھی اسرائیل کے ان اقدامات کی سخت مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے اسرائیل کو ان خطرناک اقدامات سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم ممالک نے کہا کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حق نہیں اور اس کے اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔