اسلام آباد : وفاقی آئینی عدالت نے ملک بھر میں چاروں صوبوں میں رجسٹریاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو اپنے ہی صوبے میں آئینی نوعیت کے مقدمات دائر کرنے کی سہولت مل سکے۔ اس کا مقصد لوگوں کو اپنے مقدمات کے لیے دور دراز سفر کی پریشانی سے بچانا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ آئینی عدالت اس وقت تبدیلی کے مرحلے میں ہے اور جلد ہی مکمل طور پر فعال ہو کر اپنا کام شروع کر دے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبوں میں قائم کی جانے والی رجسٹریوں کے درمیان ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے مقدمات کی سماعت تیز، شفاف اور آسان ہو جائے گی۔