Wed, September 16, 2026

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا حملہ، صدر و وزیراعظم کی مذمت

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا حملہ، صدر و وزیراعظم کی مذمت

اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے جس کی بدولت بہت بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔

صدر آصف علی زرداری نے اس حملے کو "فتنہ الخوارج" کی طرف سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ یہ دہشت گردی بیرونی حمایت سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے گا اور ان کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ صدر زرداری نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس حملے کے ذمہ داروں کو جلد ہی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، لیکن سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنایا گیا۔ ایک خودکش بمبار نے گیٹ پر ہی دھماکہ کر لیا، جبکہ باقی دو حملہ آوروں کو ایف سی کے جوانوں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نے اس حملے کو ناکام بنانے میں ایف سی کے جوانوں کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ جو تین جوان اس حملے میں شہید ہوئے، ان کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔

ٹیگز: