Wed, September 16, 2026

پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی

پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی

پشاور : پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے۔ پولیس کے مطابق، حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد افغان شہری تھے۔

تفصیلات کے مطابق، ایک خودکش حملہ آور سنہری مسجد روڈ سے پیدل چل کر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے مرکزی گیٹ کے سامنے پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہو گئے، تاہم مرکزی گیٹ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد دو مزید حملہ آور شلوار قمیض میں ملبوس سائیڈ گیٹ سے اندر داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ دونوں دہشت گردوں کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرنیڈ تھے۔ جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آور مارے گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق، حملہ آوروں کا مقصد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں لوگوں کو یرغمال بنانا تھا، جہاں اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے۔ تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام ہو گیا اور ان کو مار دیا گیا۔

پشاور پولیس نے علاقے کو کلیئر کر لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے پیچھے کسی بڑی دہشت گرد تنظیم کا ہاتھ ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ٹیگز: