Wed, September 16, 2026

پنجاب میں گرمی کی لہر برقرار؛ محکمہ موسمیات نے بارش کے امکانات سے متعلق پیشگوئی کردی

پنجاب میں گرمی کی لہر برقرار؛ محکمہ موسمیات نے بارش کے امکانات سے متعلق پیشگوئی کردی

لاہور: پنجاب میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران موسم مزید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، تاہم گزشتہ کچھ روز کی نسبت سورج کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے جس کے باعث شہریوں کو کچھ راحت حاصل ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ لاہور میں چلنے والی ہلکی ہواؤں نے گرمی کی شدت کو کچھ کم ضرور کیا ہے، مگر موسم ابھی بھی خشک اور گرم ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم کی صورت حال برقرار رہنے پر درجہ حرارت میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کا خیال رکھیں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

ٹیگز: