کیلیفورنیا : ٹک ٹاک نے اپنی ایپ میں چند نئے اشتہاری فارمیٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو صارفین کو شاید اتنے پسند نہ آئیں۔
ان میں سے ایک فارمیٹ “لوگو ٹیک اوور” ہے، جس میں صارفین ایپ کھولتے ہی کسی برانڈ کا لوگو ٹک ٹاک کے ساتھ نظر آئے گا۔ اس کے ذریعے کمپنیوں کو موقع ملے گا کہ وہ ایپ کے فوری آغاز میں صارفین کی توجہ حاصل کر سکیں۔
ٹک ٹاک کے مطابق، یہ اشتہاری فارمیٹ شراکت، اعتماد اور ثقافتی تعلق کو اجاگر کرے گا اور برانڈز کو زیادہ افراد تک رسائی فراہم کرے گا۔
ایک اور نیا فارمیٹ “پرائم ٹائم ایڈز” ہے، جس میں اشتہارات مخصوص اوقات میں دکھائے جائیں گے، مثلاً کسی لائیو ایونٹ یا زیادہ انگیجمنٹ والے لمحات میں۔ اس فارمیٹ کے تحت، ایک ہی کمپنی کے تین اشتہارات 15 منٹ کے اندر صارفین کو دکھائے جائیں گے۔
ٹک ٹاک نے ایک اور فارمیٹ “ٹاپ ریچ” متعارف کرایا ہے، جس میں پہلے موجود دو فارمیٹس ٹاپ ویو اور ٹاپ فیڈ کو ملا دیا گیا ہے۔ ٹاپ ویو میں ایپ کھلتے ہی اولین اشتہار نظر آتے تھے جبکہ ٹاپ فیڈ میں فار یو فیڈ کے آغاز میں اشتہار دکھائے جاتے تھے، اب دونوں فارمیٹس یکجا کر دیے گئے ہیں۔
اگرچہ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹس سے برانڈز زیادہ صارفین تک پہنچیں گے، اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ صارفین کو اب زیادہ اشتہارات دیکھنے پڑیں گے۔ ایپ کھلتے ہی اشتہار نظر آنا یا مختصر وقت میں ایک ہی کمپنی کے متعدد اشتہارات دیکھنا صارفین کے لیے خوشگوار تجربہ نہیں ہوگا۔