Wed, September 16, 2026

ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی، بائیٹ ڈانس کی جانب سے امریکی صارفین کے لیے نئی ایپ متعارف کرانے کی تیاری

ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی، بائیٹ ڈانس کی جانب سے امریکی صارفین کے لیے نئی ایپ متعارف کرانے کی تیاری

واشنگٹن / بیجنگ :امریکہ  میں ممکنہ پابندی سے بچنے کے لیے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس نے امریکی صارفین کے لیے ایک نئی متبادل ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے آئندہ چند ماہ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ "دی انفارمیشن" کی ایک رپورٹ کے مطابق، کمپنی کی مجوزہ نئی ایپ کو فی الحال "ایم 2" کا نام دیا گیا ہے، جو صرف امریکا میں استعمال کے لیے مخصوص ہوگی۔ موجودہ ٹک ٹاک ایپ، جسے کمپنی اندرونی طور پر "ایم" کہہ رہی ہے، مرحلہ وار ختم کی جائے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بائیٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز فروخت کرنے کے لیے تیسری اور آخری مہلت دی گئی ہے، جو 17 ستمبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ اگر کمپنی مقررہ تاریخ تک امریکی سرمایہ کاروں کو ایپ فروخت کرنے میں ناکام رہی تو ٹک ٹاک کو امریکا میں بند کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی ایپ کی لانچ کے بعد پرانی ایپ کو امریکہ میں مرحلہ وار بند کر دیا جائے گا اور مارچ 2026 تک مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اس دوران صارفین کو بتدریج "ایم 2" ایپ میں منتقل کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق، امریکی سرمایہ کاروں کا ایک گروپ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی خریداری کے لیے بائیٹ ڈانس کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔ مجوزہ ڈیل کے تحت بائیٹ ڈانس کو نئی کمپنی میں معمولی حصہ دیا جائے گا، تاہم اس معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ چینی حکومت کی منظوری ہے، جس کے بغیر کسی قسم کی فروخت ممکن نہیں۔

ٹیگز: