لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے 11ویں سیزن کے باقاعدہ آغاز سے قبل مقامی اور غیر ملکی اسٹارز کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ دیا، جہاں کرکٹ کے میدانوں میں سجنے والے میلے کی ٹرافی اور آفیشل ترانے نے دھوم مچا دی۔
تقریب میں چھ کی چھ ٹیموں کے کپتانوں، مالکان اور بین الاقوامی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پی ایس ایل 11 کی خوبصورت ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر لیگ کا نیا ترانہ بھی جاری کیا گیا جس نے تقریب کے شرکاء کے لہو کو گرما دیا۔چیئرمین پی سی بی نے اپنے خطاب میں ایک اہم نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی حساس صورتحال کے پیشِ نظر ہم نے قومی مفادات کو ترجیح دی ہے، جس کی وجہ سے پی ایس ایل 11 کے فارمیٹ کو محدود کیا گیا ہے۔ تاہم، پی ایس ایل ایک عالمی برانڈ بن چکا ہے اور اس کی چمک دمک میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی اس برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے اور تمام ٹیمیں ایک بار پھر شائقینِ کرکٹ کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔