کینیڈا : کینیڈا کے نئے وزیرِاعظم مارک کارنی نے 28 اپریل کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا ہے تاکہ اپنی حکومت کو مزید مستحکم مینڈیٹ مل سکے۔ وزیرِاعظم کارنی نے گورنر جنرل سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ تحلیل کر کے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
اگلے انتخابات میں کینیڈا کی لبرل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، جہاں دونوں جماعتیں 343 نشستوں پر جیت کے لیے میدان میں ہوں گی۔ مارک کارنی نے متوسط طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی کی تجویز بھی پیش کی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی، کہا کہ ٹرمپ کینیڈا کو توڑ کر ہم پر حکمرانی کرنا چاہتے ہیں، اور ان کے تجارتی اقدامات کی وجہ سے کینیڈا کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ 14 مارچ کو مارک کارنی نے کینیڈا کے 24ویں وزیرِاعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا، جس کے ساتھ ہی جسٹن ٹروڈو کا تقریباً 10 سالہ دور اقتدار ختم ہوا۔ ٹروڈو نے جنوری میں اقتصادی مسائل اور امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کی دھمکیوں کے سبب اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔