Wed, September 16, 2026

غیر قانونی مطالبات نہیں مانیں گے، سیاسی فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں گے: رانا ثنا اللہ

غیر قانونی مطالبات نہیں مانیں گے، سیاسی فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں گے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جتھے یا دباؤ کے ذریعے معاملات کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سیاسی فیصلے آئینی اور جمہوری طریقے سے ہی ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے اقدامات کا مقصد عام انتخابات کے عمل کو متاثر کرنا ہے، تاہم دھرنوں اور غیر قانونی طریقوں سے انتخابات کو روکا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات منوانے کے لیے جمہوری راستہ اختیار کرنا چاہیے، دھرنے، جتھے اور لشکر کشی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ کسی بھی گروہ کا غیر قانونی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کو مظفرآباد کی جانب پیش قدمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار صرف آزاد کشمیر اسمبلی کو حاصل ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ملک میں سیاسی تبدیلی کا راستہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آئین، قانون اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

ٹیگز: