Wed, September 16, 2026

اسرائیل کی نئی ہٹ لسٹ پر ایران کے جوہری سائنسدان روپوش، خفیہ محفوظ مقامات پر منتقل

اسرائیل کی نئی ہٹ لسٹ پر ایران کے جوہری سائنسدان روپوش، خفیہ محفوظ مقامات پر منتقل

تہران : حال ہی میں برطانوی اور عرب میڈیا نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک نئی ہٹ لسٹ تیار کر لی ہے۔ اس کے بعد ایران نے اپنے جوہری سائنسدانوں کو ملک کے مختلف حصوں سے غائب کر کے انتہائی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے پہلے ہی درجنوں ایرانی جوہری ماہرین کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد ایران نے باقی بچ جانے والوں کو تہران کے محفوظ ترین علاقوں اور شمالی ایران کے ساحلی شہروں میں ایسی جگہوں پر چھپا دیا ہے جہاں عام لوگوں کا آنا جانا ممکن نہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بہت سے سائنسدانوں نے اچانک اپنی ملازمتیں چھوڑ دی ہیں اور یونیورسٹیوں میں ان کی جگہ ایسے افراد کو رکھ دیا گیا ہے جن کا جوہری پروگرام سے کوئی تعلق نہیں، تاکہ اسرائیل کو کوئی سراغ نہ ملے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ایران نے جوہری سائنسدانوں کی ایک نئی ٹیم تیار کی ہے جو مارے گئے ماہرین کا کام آگے بڑھا سکتی ہے۔ اسرائیلی ماہرین انہیں "چلتی پھرتی لاشیں" کہتے ہیں کیونکہ انہیں بھاری سیکیورٹی دی گئی ہے، لیکن پھر بھی وہ اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر مرکزی سائنسدان کے ساتھ ایک یا دو نائب موجود ہوتے ہیں، اور یہ سائنسدان گروپ میں کام کرتے ہیں تاکہ اگر کوئی ہدف بن جائے تو دوسرا فوراً اس کی جگہ لے سکے۔

اسرائیلی سابق انٹیلی جنس اہلکار دانی سیترینووچ نے خبردار کیا ہے کہ یہ سائنسدان یا تو ایران کو جوہری ہتھیار تک پہنچائیں گے یا اسرائیل کی اگلی نشانے بازی کا حصہ بنیں گے۔

13 جون کو شروع ہونے والی کشیدگی میں اسرائیل اور امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر بڑے حملے کیے، جن میں کئی سائنسدان اور فوجی کمانڈر مارے گئے۔ اب ایران اپنی جوہری صلاحیت کے ماہرین کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر یہ سوال باقی ہے کہ کیا وہ اسرائیلی حملوں سے بچ پائیں گے؟

ٹیگز: