اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، دہشتگرد عناصر کے خلاف جنگ پوری قوم نے مل کر لڑنی ہے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بیرونی ہاتھ اور منظم منصوبہ بندی کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو دہشتگردی روکنے کے لیے بارہا آگاہ کیا گیا، تاہم صورتحال پر قابو پانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔