Wed, September 16, 2026

275ویں کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

275ویں کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز ،  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور علاقائی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کے استحکام، سلامتی اور قومی اتحاد کی ضمانت ہیں۔

فورم نے انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اجلاس میں افغانستان سے منسلک سیکیورٹی خدشات پر بھی غور کیا گیا اور پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا قرار دیا گیا۔ فورم نے کہا کہ پاکستان کی کارروائیاں صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف ہدفی اور ذمہ دارانہ ہیں۔

کانفرنس میں علاقائی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کشیدگی میں کمی، باہمی احترام اور تحمل کی پالیسی پر زور دیا گیا۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اختتام پر آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ بدلتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس اور مکمل آپریشنل تیاری برقرار رکھیں۔

ٹیگز: