اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارشوں نے نظام زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔
چلاس اور دیامر کے علاقوں تانگیر، داریل، تھور، رائیکوٹ اور گوہر آباد میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ متعدد رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے، جبکہ پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلاب کے باعث زرعی زمینیں، فصلیں اور باغات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اپر کوہستان میں اچھار نالہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث شاہراہ بند ہوگئی، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی۔
مانسہرہ میں سیف الملوک جھیل روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد پہاڑوں سے مٹی اور پتھر گرنے لگے، جس کے باعث سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف رخ کیا۔
دوسری جانب تونسہ کی تحصیل وہوا میں شدید بارشوں سے کئی مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں، جبکہ گلیاں اور محلے زیرِ آب آگئے۔ بارش کا پانی مقامی قبرستان میں بھی داخل ہوگیا۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مزید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔