کینڈی : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنے بقا کی جنگ لڑے گی۔ کینڈی کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں شیڈول اس میچ میں گرین شرٹس کا سامنا دفاعی چیمپئن انگلینڈ سے ہوگا، جہاں جیت پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں براہِ راست شامل کر دے گی۔
پاکستان کا سپر ایٹ مرحلے میں پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے قومی ٹیم کو صرف ایک پوائنٹ مل سکا۔ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو اب کسی 'اگر مگر' کے بجائے اپنے دم پر انگلینڈ کو زیر کرنا ہوگا، تاکہ پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مستحکم ہو سکے۔ شکست کی صورت میں پاکستان کو دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑ سکتا ہے جو ایک پرخطر صورتحال ہوگی۔میچ کے وقت بارش کا امکان صرف 2 فیصد ہے، یعنی کھیل میں خلل کا کوئی بڑا خطرہ نہیں۔ شام کے وقت مطلع صاف رہے گا اور درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس کے بعد میچ منسوخ ہونے کے بعد، آج پورے 40 اوورز کا کھیل ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
قومی ٹیم کے بیٹر صاحبزادہ فرحان نے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور وہ انگلش بولنگ اٹیک بالخصوص جوفرا آرچر کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کپتان سلمان علی آغا پچ کی صورتحال دیکھتے ہوئے فائنل الیون میں اسپنرز کو زیادہ اہمیت دے سکتے ہیں کیونکہ کینڈی کی وکٹ اسپن باؤلنگ کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے۔
سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 4 اور 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ پہلے ہی سری لنکا کو ہرا کر دو پوائنٹس حاصل کر چکا ہے، جس کی وجہ سے آج کا مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے۔