Wed, September 16, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کینڈی میں بارش، زمبابوے کی چاندی؛ آسٹریلیا کے ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کینڈی میں بارش، زمبابوے کی چاندی؛ آسٹریلیا کے ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ

کینڈی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کا گروپ بی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان اہم ترین معرکہ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہے۔ اگر بارش کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہو سکا تو زمبابوے بغیر کھیلے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔
گروپ بی میں اس وقت سری لنکا پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکا ہے، جبکہ دوسری پوزیشن کے لیے زمبابوے سب سے مضبوط امیدوار ہے۔    زمبابوے کی پوزیشن کے حوالے سے بات کی جائے تو  2 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
 اگر میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا تو دونوں ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ ملے گا، جس سے زمبابوے کے 5 پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سپر ایٹ میں پہنچ جائے گا۔
کینڈی میں ہونے والی بارش نے آسٹریلوی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ آسٹریلیا 3 میچز کھیل کر صرف 2 پوائنٹس حاصل کر سکا ہے اور اسے اگلے مرحلے کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے آئرلینڈ کی جیت یا زمبابوے کی بڑے مارجن سے شکست درکار تھی۔ تاہم، میچ نہ ہونے کی صورت میں آسٹریلیا باقاعدہ طور پر ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گا۔
کرکٹ شائقین اب شدت سے موسم کے صاف ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ ایک طرف زمبابوے کی تاریخی پیش قدمی ہے اور دوسری طرف کرکٹ کی سپر پاور آسٹریلیا کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔

ٹیگز: