اسلام آباد: پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت کی اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام میں واضح بہتری آئی ہے، جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔
ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد معیشت کے مثبت اشاریوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ امریکی جریدے یو ایس اے ٹو ڈے نے رپورٹ میں کہا کہ پاکستان اصلاحات اور نجی شعبے میں جدت کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ماحول فراہم کر رہا ہے۔
جریدے کے مطابق مستحکم ادارہ جاتی نظام، بہتر میکرو اکنامک حالات اور مضبوط قیادت پاکستان کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے مواقع سے بھرپور مارکیٹ بنا رہی ہے۔ بینکنگ، ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ شعبوں میں بھی بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کی جا رہی ہے۔
یو ایس اے ٹو ڈے نے کہا کہ مستحکم توانائی کی فراہمی، مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور برآمداتی شعبوں میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، جبکہ میکرو اکنامک استحکام کی بدولت آٹوموٹیو اور ٹیکسٹائل جیسے بڑے صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید برآں، فرٹیلائزر، پیکجنگ، ویلیو ایڈڈ فوڈ، معدنیات، ہاؤسنگ، سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز بنتے جا رہے ہیں، اور نجی شعبہ عالمی معیارات کے مطابق مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔