Wed, September 16, 2026

لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم کی واپسی؟ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر غور

لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم کی واپسی؟ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر غور

لندن: انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جبکہ کپتان بابر اعظم کی فٹنس کلیئر ہونے کی صورت میں ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا۔ بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ کا حصہ نہیں بن سکے تھے، تاہم اب ان کی صحت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ بابر اعظم سمیت سکواڈ میں چند تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔ اگر بابر کو میچ کھیلنے کے لیے فٹ قرار دے دیا جاتا ہے تو اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بھی دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ حتمی فیصلہ ٹیم انتظامیہ پچ کی صورتحال اور موسم سمیت دیگر کنڈیشنز دیکھنے کے بعد کرے گی۔

لارڈز کی پچ اگر خشک اور سپن بولرز کے لیے سازگار ہوئی تو پاکستان دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر عبید شاہ بھی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے لیے زیر غور ہیں۔

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستان کو سیریز میں شکست سے بچنے اور مقابلہ برابر کرنے کے لیے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

ٹیگز: