راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 29ویں مقابلے میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
یہ اہم میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے، جو بارش اور آندھی کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا۔ موسم بہتر ہونے پر میچ کا آغاز ممکن ہوا اور میدان کھیل کے لیے تیار کیا گیا۔
آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے "کرو یا مرو" کی صورت اختیار کر چکا ہے، کیونکہ کامیاب ٹیم براہ راست پلے آف مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ اگر بارش کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہو سکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تو لاہور قلندرز پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز اس وقت 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پشاور زلمی 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔