Wed, September 16, 2026

جوہری مسئلے پر اس مرحلے پر بات نہیں ہو رہی، موجودہ مذاکرات کا محور صرف جنگ کا خاتمہ ہے: اسماعیل بقائی

جوہری مسئلے پر اس مرحلے پر بات نہیں ہو رہی، موجودہ مذاکرات کا محور صرف جنگ کا خاتمہ ہے: اسماعیل بقائی

تہران : ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات انتہائی گہرے اور نمایاں ہیں، جس کے باعث چند دوروں یا مہینوں کی بات چیت کے بعد یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کوئی معاہدہ بالکل قریب ہے۔ تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مثبت سفارت کاری کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے پرامید ہیں، تاہم سفارتی عمل ہمیشہ وقت لیتا ہے۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے سفارتی پیشرفت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قطر کا وفد اس وقت ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے اور ان سفارتی کوششوں میں پاکستان بطور ثالث اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت تمام تر سفارتی کوششوں کا واحد اور بنیادی محور خطے میں جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید واضح کیا کہ موجودہ مرحلے پر جوہری مسئلے سے متعلق کوئی بات چیت نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس نازک موڑ پر انتہائی افزودہ یورینیم کی تفصیلات میں جانے کی کوشش کی گئی، تو جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہو جائیں گے اور فریقین کسی بھی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

ٹیگز: