اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر 4 روزہ اہم سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ اس اعلیٰ سطحی دورے کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین اسٹریٹجک اور معاشی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے ہم منصب وزیراعظم لی چیانگ سے الگ الگ اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق دورے کے ایجنڈے میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) کے دوسرے مرحلے (Phase 2) کی پیشرفت، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، توانائی اور جدید زراعت کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا فروغ سرِفہرست ہے۔ وزیراعظم پاک چین تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی خصوصی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء بھی شامل ہیں۔