لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نے پاکستان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا اور اب ملک کی ترقی و استحکام میں بھی پیش پیش ہے۔ ان کے مطابق نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار قوم بننے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے اس دن کو نئے حوصلے اور عزم کی علامت قرار دیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ آگے بڑھنے کے لیے بنایا گیا تھا اور یہی اس کی اصل سمت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام داخلی و خارجی سازشوں کو ناکام بنا کر پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر ڈالیں گے۔
صوبائی وزیر نے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے تحفظ اور دفاع میں مسلح افواج کا کردار نمایاں ہے، جبکہ ملک کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔