اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے قوم کو مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم غربت میں کمی، مساوات اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے کام کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب کو ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنے حصے کی کوشش کرنی چاہیے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنایا جائے گا اور جلد ہی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔