کیلیفورنیا: عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ایک نئی ڈیوائس "آئی فون 17 ایئر" پیش کرنے جا رہی ہے، جو انتہائی باریک اور کم وزن رکھنے والا فون ہوگا۔
لیک شدہ معلومات کے مطابق، آئی فون 17 ایئر کا ڈیزائن بالکل نیا ہوگا۔ فون کے پچھلے حصے پر ایک منفرد کیمرہ ماڈیول ہوگا، جو پورے کنارے تک پھیلا ہوگا۔ حیران کن طور پر، یہ ماڈل صرف ایک کیمرے کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جو ایپل کی منفرد حکمت عملی کا حصہ ہے۔
یہ ڈیوائس ایپل کی تاریخ کا سب سے پتلا فون ہوگی، جس کی موٹائی 5.5 ملی میٹر ہوگی جبکہ کیمرہ ماڈیول 4 ملی میٹر کا ہوگا، جو اسے دیگر ماڈلز سے منفرد بنائے گا۔
اس فون میں 6.9 انچ کا ایل ٹی پی او سپر ریٹینا ڈسپلے دیا جائے گا، جس میں ڈائنامک آئی لینڈ نوچ شامل ہوگا۔ اگرچہ ایپل نے ابتدا میں پورٹ لیس ڈیوائس متعارف کرانے کا عندیہ دیا تھا، لیکن اس ماڈل میں یو ایس بی-سی پورٹ شامل ہوگی، جو صارفین کے لیے خوشخبری ہے۔
اگرچہ ایپل نے اس ماڈل کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ آئی فون 17 ایئر 2025 میں مارکیٹ میں آ سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے شوقین افراد اس جدید اور منفرد فون کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔