اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر آمد پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقبل کے امن اور استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔