اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایرانی صدر نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔