لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے جدید ترین ترقیاتی منصوبے "روٹ 47" کا افتتاح کیا اور شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کی بہتری کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ پنجاب میں سمارٹ ترقی کی ایک نئی داستان ہے۔
"روٹ 47" ایک جدید، ماحول دوست اور جامع منصوبہ ہے، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر بنائے گا بلکہ شہری سہولیات میں بھی اضافہ کرے گا۔ 4.5 کلومیٹر طویل شاہراہ کو دو طرفہ تین رویہ ڈیزائن پر تعمیر کیا گیا ہے، جو گلبرگ کو والٹن سے منسلک کرتی ہے اور اسے 1947 کی تحریک آزادی سے جوڑا گیا ہے۔
منصوبے میں ماحولیات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ لین، پیدل چلنے والوں کے لیے واک وے، سولر انرجی سسٹم، بارش کے پانی کا ذخیرہ، اور خوبصورتی کے لیے مونیومنٹس اور فوارے شامل کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "روٹ 47" پنجاب کے پائیدار اور روشن مستقبل کی طرف ایک عملی قدم ہے۔