لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کی سب سے بڑی ضرورت اور اہم ترین فریضہ امن کا قیام ہے۔
انہوں نے ان تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے دنیا میں امن قائم رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا طرزِ زندگی ہے جس میں انصاف، محبت اور باہمی احترام شامل ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امن ہی وہ بنیاد ہے جو انسان کو انسان بناتی ہے، اور یہی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے۔ ان کے بقول، جہاں نفرت کے سائے ہوں، وہاں بھی امن کی روشنی امید پیدا کرتی ہے۔
مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم امن، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ایک بہتر معاشرہ تشکیل پا سکے۔