Wed, September 16, 2026

امریکا نے ایران کی جانب فوجی قوت بھیج دی، جنگی جہاز اور جدید طیارے شامل

امریکا نے ایران کی جانب فوجی قوت بھیج دی، جنگی جہاز اور جدید طیارے شامل

واشنگٹن :امریکا نے ایران کی جانب بڑی فوجی طاقت روانہ کر دی ہے، جس میں جدید جنگی بحری جہاز اور طیارے شامل ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فورسز فوری حملے کے لیے نہیں بلکہ ایران کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ امریکا صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ایران کی جانب کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا: "ہم ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کر رہے ہیں، آگے دیکھنا ہے کیا ہوتا ہے۔"

صدر ٹرمپ نے مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی، تاہم کہا کہ بات چیت کا انحصار ایران کے رویے پر ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے انتباہ کے بعد ایران نے 827 پھانسیوں پر عمل درآمد روک دیا، جن میں زیادہ تر نوجوان شامل تھے۔

امریکی صدر نے اپنی آئندہ سفارتی سرگرمیوں کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے جبکہ سال کے آخر میں چینی صدر امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی استحکام کے لیے بڑے ممالک کے درمیان روابط کی اہمیت پر زور دیا اور یوکرین کے تنازع کے حل کے لیے بھی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔

مزید برآں، ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی سیکیورٹی کے معاملے پر نیٹو کے ساتھ مل کر جلد اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹیگز: