Wed, September 16, 2026

برطانیہ کا مشرقِ وسطیٰ میں جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان ، ایران نے ایک بحری جہاز روک لیا

برطانیہ کا مشرقِ وسطیٰ میں جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان ، ایران نے ایک بحری جہاز روک لیا

تہران: برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور اسرائیل کی مدد کے لیے خطے میں جنگی طیارے اور دیگر فوجی وسائل بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جا سکے۔

کیئر اسٹارمر نے صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ برطانیہ اضافی فاسٹ جیٹ طیارے اور ایندھن بھرنے والے جہاز مشرقِ وسطیٰ بھیج رہا ہے تاکہ اسرائیل کو فضائی معاونت دی جا سکے اگر حالات خراب ہوئے۔

دوسری طرف ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بحریہ نے خلیج فارس میں برطانوی جنگی جہاز کو علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق برطانوی بحریہ کا جہاز بحر ہند میں داخلے کے وقت سے نگرانی میں تھا اور خدشہ ہے کہ یہ جہاز اسرائیل کو میزائلوں کی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔

ایرانی بحریہ نے برطانوی جہاز کو کئی وارننگ دی ہیں اور ایرانی ڈرونز مسلسل اس کے گرد پرواز کر رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور عالمی دنیا کی نظریں اس پر جمی ہوئی ہیں کہ آیا یہ تنازعہ بڑھ کر کسی بڑے تصادم کی شکل اختیار کرے گا یا سفارتی حل نکل آئے گا۔

ٹیگز: