Wed, September 16, 2026

عازمینِ عمرہ کے لیے بڑی خوشخبری؛ سعودی حکومت نے اردو سمیت 16 زبانوں میں 'رہنما کتابچہ' جاری کر دیا

عازمینِ عمرہ کے لیے بڑی خوشخبری؛ سعودی حکومت نے اردو سمیت 16 زبانوں میں 'رہنما کتابچہ' جاری کر دیا

مکہ مکرمہ / مدینہ منورہ: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آنے والے مہمانانِ خدا کی سہولت کے لیے ایک نئی اور جامع "عمرہ و زیارات گائیڈ" کا اجرا کیا ہے۔ یہ گائیڈ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اسے اردو سمیت 16 بڑی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین اپنے مناسک کی ادائیگی کسی بھی دشواری کے بغیر کر سکیں۔
اس گائیڈ کو زائر کے سفر کے ہر مرحلے کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے، جس کے اہم مندرجات درج ذیل ہیں۔ ویزا کے طریقہ کار اور نسک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ و نماز کے پرمٹ حاصل کرنے کی مرحلہ وار گائیڈ۔ زائرین کی بصری رہنمائی کے لیے نقشے، تصویری خاکے اور معلوماتی ویڈیوز شامل کی گئی ہیں تاکہ مقامات کی شناخت آسان ہو۔
احرام باندھنے، طواف، سعی اور بال کٹوانے (حلق و قصر) کے شرعی اور انتظامی طریقے کی مکمل وضاحت۔    حرمین شریفین میں آمد و رفت کے ذرائع، دستیاب بنیادی سہولیات اور وہاں کے آداب سے متعلق مستند معلومات۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس اقدام کا بنیادی مقصد زائرین کو ان کی اپنی زبان میں مستند اور سادہ معلومات فراہم کرنا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ یہ گائیڈ عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی معیاری خدمات کو بہتر بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے لاکھوں عازمین کو فائدہ پہنچے گا۔
 اس اقدام سے خاص طور پر ان زائرین کو بڑی مدد ملے گی جو پہلی بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ اب وہ اپنے موبائل فون کے ذریعے تمام تر رہنمائی اردو زبان میں حاصل کر سکیں گے۔

ٹیگز: