پشین : پشین میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران سکیورٹی دستوں نے دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس کے بعد مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آپریشن میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم بھرپور طریقے سے جاری رکھی جائے گی تاکہ بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔