اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے تمام الزامات اور پروپیگنڈے کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ اس واقعے کو پاکستان سے منسوب کرنے کی بھارتی کوششیں نہ صرف غلط ہیں بلکہ قابلِ افسوس بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم بھارت اپنے اندرونی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹ پر مبنی بیانیہ گھڑ رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات ایک منظم اور نئی پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مہمات کا مقصد عالمی برادری کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اس کے جارحانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرے اور ایسے اقدامات سے گریز یقینی بنائے جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔