واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نصب کرنے والی کسی بھی کشتی کو فوری طور پر تباہ کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو ہدایت دی کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ملوث ہر مشتبہ جہاز یا کشتی کو، چاہے وہ چھوٹی ہو یا بڑی، فوری طور پر نشانہ بنایا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالف فریق کے متعدد بحری جہاز پہلے ہی تباہ کیے جا چکے ہیں، جبکہ امریکی مائن سویپرز آبنائے ہرمز میں کلیئرنس اور نگرانی کے مشن پر سرگرم ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ خطے میں جاری کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا اور کسی بھی صورتحال میں سستی یا رعایت قبول نہیں کی جائے گی۔