Wed, September 23, 2026

شہباز شریف کی ولیم روٹو سے ملاقات، پاک کینیا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

شہباز شریف کی ولیم روٹو سے ملاقات، پاک کینیا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نیویارک:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کینیا کے صدر ولیم روٹو نے نیویارک میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔

 وزیراعظم نے دواسازی، ٹیکسٹائل، جراحی کے آلات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

 شہباز شریف نے مشرقی افریقی برادری کے ساتھ پاکستان کے روابط مزید مستحکم بنانے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی امور، پائیدار ترقی اور عالمی امن و سلامتی پر بھی بات چیت ہوئی۔

 کینیا کے صدر ولیم روٹو نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشن سمیت موجودہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

ٹیگز: