ملتان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے لانگ مارچ عارضی طور پر روکا ہے، احتجاج اور دھرنے بدستور جاری رہیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی یقین دہانی پر اعتماد کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ حکومت عوام کو جلد حقیقی ریلیف فراہم کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اگر ریلیف نہ ملا تو فوری طور پر لانگ مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم لیوی ختم نہیں کرتی تو احتجاج کیسے روکا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، اس لیے حکومت کو بیانات کے بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دینا ہوگا۔