کراچی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فی یونٹ 7 روپے 41 پیسے کی کمی عوام کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو مزید کمی کرنی چاہیے تھی تاکہ عوام کو مکمل ریلیف مل سکے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مختلف حکومتوں نے آئی پی پیز کے معاملات میں عوام کے مفادات کو نقصان پہنچایا، اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ان مسائل کو عوام کے حق میں اٹھایا ہے اور ان معاملات پر حکومت کو مجبور کیا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کرے۔
انہوں نے عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا بھر میں پٹرول سستا ہو رہا ہے تو پاکستان میں کیوں اس کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا؟ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 7 اپریل کو لاہور میں مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔