اکوڑہ خٹک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارتِ اطلاعات، قومی پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مؤثر بنانےکے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔