کراچی:سندھ حکومت نے صوبے کے 14 اضلاع میں 24 ستمبر کو ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ حلقوں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، ضمنی انتخاب والے حلقوں میں قائم سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، کیونکہ ان اداروں کو پولنگ سٹیشنز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعطیل صرف اُن مخصوص علاقوں میں ہو گی جہاں پولنگ ہو رہی ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں معمول کے مطابق تعلیمی اور سرکاری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ 14 اضلاع کی 28 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد 24 ستمبر کو ہوگا، جس کے لیے الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
انتظامیہ نے ووٹرز سے پرامن طریقے سے انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے، جب کہ متعلقہ پولیس و سیکیورٹی اداروں کو بھی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔